Advertisement

Melasma in Urdu, Chaiyon ka ilaj, چھائیوں سے بچاؤ


چہرے کی چھائیوں کو طِبی زبان میں Melasma یا Chloasma کا نام دیا جاتا ہے۔ 'میلازما' نِہایت عام ہے اور یہ جِلد کے اُن حصوں پر نظر آتا ہے جِن پر سورج کی روشنی باآسانی پڑتی ہے۔ پاکستان میں میلازما کے علاج یا رنگت گوری کرنے سے متعلق دواؤں کی مارکیٹ دیکھیں تو ایسا لگتا ہے کہ اِس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ بے تحاشہ اشتہاروں کے ذریعے یہ مارکیٹ خود بنائ گئی ہے۔

میلازما کی وجوھات Melasma causes

میلازما ہونے کی حقیقی وجہ تا حال معلوم نہیں کی جا سکی، تاہم مُختلف عوامِل کو اِس کا ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔

اِن میں مُختلف ھارمون، اَلٹرا وائلِٹ شُعاعیں، مانِع حَمل ادویات، کاسمیٹک اشیاء کا استعمال، کچھ غذائ اَجزاء، ایسی ادویات جو جِلد کی دھوپ سےحساسیت کو بڑھائیں، کچھ مِرگی کی ادویات اور جسم میں فولاد کی کمی جیسے عوامل شامِل ہیں۔ میلازما بلوغت کی عمر سے پہلے بہت کم لوگوں میں نظر آتا ہے اور خواتین میں مَردوں کی نسبت بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔ گہرے رنگ کی جِلد والے لوگ میلازما (Melasma) کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔

علامات Melasma symptoms and signs

چہرے کی جِلد پر دونوں اَطراف بُھورے(براؤن) رنگ کے نِشان (Brown spots on face) بن جاتے ہیں جو اُس وقت شِدت اِختیار کر لیتے ہیں جب اِن پر دُھوپ پڑتی ہے۔ 63 فیصد لوگوں میں یہ نِشان (Hyperpigmentation) پیشانی، ناک، ٹھوڑی اور اوپر والے ہونٹوں کو متاثر کرتے ہیں۔ 21 فیصد لوگوں میں یہ نِشان ناک اور گالوں کو متاثر کرتے ہیں۔ جبکہ 16 فیصد لوگوں میں اِن کا نشانہ نِچلے جبڑے کی جِلد ہوتی ہے۔ کچھ لوگوں میں سینہ اور بازو بھی متاثر ہوتے ہیں۔

میلازما سے بچاؤ Prevention from Melasma

۔ دھوپ کا میلازما کے ہونے سے گہرا تعلق ہے، اِس لیئے جِلد کو دُھوپ سے بچانا اوّلین ترجیع ہونی چاہیئے۔

۔ سیاہ کپڑوں کا اِستعمال جِلد کو متاثر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کپڑے سفیدی مائل ہوں تو دھوپ سے ہونے والے جِلد کے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔ سُفید رنگ سورج کی روشنی کی شعاعوں کو مُنعکس کر دیتا ہے، اس لیئے جِلد نقصان سے بچ جاتی ہے۔ جبکہ سیاہ رنگ اِس روشنی کو جذب کرتا ہے اور اس وجہ سے جِلد کا نقصان زیادہ ہوتا ہے۔

۔ اگر دھوپ سے بچنے کیلیئے چَھتری کا اِستعمال کریں تو بہت بہتر ہے، مگر یہ یقین کر لیں کہ چھتری سُفید رنگ کی ہو۔

۔ جو خواتین بُرقع یا نقاب پہنتی ہوں، وہ سیاہ کی بجائے سُفید رنگ کے بُرقعےیا نقاب کو ترجیع دیں۔

۔ سَن بلاک (Sun Block) کریم سُورج کی روشنی سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تاہم کوشش کریں کہ آپکے سَن بلاک کا "SPF" کم از کم 60 ہو۔ اس سے زیادہ ہو تو مزید بہتر ہے۔ SPF سے مُراد Sun Protection Factor ہوتا ہے۔ جِتنا زیادہ SPF ہو گا اُتنی ہی سورج کی شُعاعوں سے بچت بہتر ہو گی۔

نوٹ : کِسی بھی سَن بلاک کا SPF اِس بات کی نِشاندہی کرتا ہے کہ وہ سَن بلاک دُھوپ میں موجود "الٹرا وائلِٹ بی" (Ultraviolet B) شُعاعوں سے کِس قدر حِفاظت مہیا کرتا ہے۔

جو سَن بلاک الٹرا وائلِٹ اے (Utraviolet A) شُعاعوں سے بھی حفاظت مہیا کرتے ہیں اُن پر "UVA" یا "Broad-spectrum" درج ہوتا ہے.

علاج Melasma treatment

آپ کو اِنٹرنیٹ پر چھائیوں کے علاج سے متعلق ٹوٹکے اِتنےزیادہ ملیں گے کہ آپ کو سمجھ نہیں آئے گی کہ کون سا کار آمد ہے اور کون سا نہیں۔ میرا مشاہدہ ہے کہ ہر روز کم از کم ایک مریض میرے کلینک میں ایسا ضرور آتا ہے جِس کی جِلد کسی ٹوٹکے یا سٹیرائیڈ (Steroids) کے اِستعمال سے متاثر ہو چُکی ہوتی ہے۔ ایسا عموماً “خود علاجی” یا کسی بیوٹی پارلر والوں کے مشوروں پر عمل کرنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔

میلازما (Melasma) کےعلاج کا سب سے بہتر طریقہ کِسی جِلد کے ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کے بعد دوا کا استعمال ہے۔ اگر یہ نہ کر سکیں تو کم از کم اپنی جِلد پر خُود تجربات مَت کریں۔ مزید یہ کہ بیوٹی پارلر والوں کے مشوروں سے پرہیز بہتر ہے؛ ورنہ نتائج کے ذمہ دار بھی آپ خود ہوں گے اور ندامت الگ ہوگی۔

یہ تحریر مفادِعامہ کیلیئے تیار کی گئی ہے۔ آپ اسے مصنف اور ویب سائیٹ کے نام سمیت اپنے احباب کیساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔

جُملہ حقوق محفوظ ہیں۔


Skype

Clicking Subscribe button will subscribe you to our marketing campaigns as well.