Advertisement

Salbutamol in Urdu سَیلبیُوٹامَول کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتی ہے؟


پاکستان میں سَیلبیُوٹامَول (salbutamol) کے مُندرجہ ذیل برانڈ دستیاب ہیں:

AEROLIN, ASALKAR, ASTAMOL, ASTHAMIN, ASTHAMOL, ASTHASIM, BRANKOSOL, BRETHEEZ, BREATHMORE, BRONCHILATE, BRONCOLIN, BRONKAL, BROVEN, BROVOLIN, BUTAMAL, BUTAMIN, CAY-SAL, DECTAMOL, EROBOLIN, EULIN, FAKTOLIN, INHALERIN, INSPIROL, JANTOLIN, NEUBASOL, PEPSOLIN, RENTOLIN, RESPIRATE, RESOLIN, RESTOLIN, SALAMOL, SALBITAL, ,SALBANOL, SALBO, SALBOCARE, SALBUTAMOL USES, SALBUVENT, SARBOMOL, TAMCOL, VENTEZE, VENTOLIN, VENTOLIN USES, VENTOMED, VINBULINE, ZAFTOLIN.


Salbutamol Mechanism of action in Urdu

سَیلبیُوٹامَول کیسے کام کرتی ہے؟

سَیلبیُوٹامَول (salbutamol) ایک دمہ (Asthma) اور COPD کے مرض میں استعمال ہونے والی دوا ہے۔ یہ دوا پھیپھڑوں میں موجود beta(2)-adrenergic receptors پر اثر انداز ہوتی ہے۔ جب پھیپھڑوں میں موجود beta(2)-adrenergic receptors کو تحریک ملتی ہے تو پھیپھڑوں کی قصبی نالیوں (Bronchi) کے پَٹھوں میں تناؤ کم ہو جاتا ہے ، جس سے سانس کی یہ نالیاں وقتی طور پر کھُلی ہو جاتی ہیں اور ہوا بآسانی گزرنے لگتی ہے۔ ایسا ہونے سےمریض کو سانس لینے میں ہونے والی مُشکل دُور ہو جاتی ہے۔

چونکہ یہ دوا قصبی نالیوں (Bronchi ) کو وقتی طور پر کھُلا کرتی ہے، اس لیئے اِسے Broncho-dilator کہا جاتا ہے۔

سَیلبیُوٹامَول ٹیبلٹ، سیرپ ، نیبیولائزر سلوشن ، ٹیکہ اور اِنھیلر کی شکل میں دستیاب ہے۔

منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہونے کے بعد سَیلبیُوٹامَول (salbutamol) کی تقریباً 50 فیصد مقدار جسم میں جذب ہوتی ہے اور اِس کا اثر آہستہ آہستہ شروع ہو کر تقریباً 2 گھنٹوں کے بعد پوری شدت سے ظاہر ہوتا ہے۔ اگر سَیلبیُوٹامَول کو اِنھیلر (Inhaler) کے ذریعے جسم میں داخل کیا جائے تو وہ فوراً پھیپھڑوں میں پہنچ جاتی ہے اور 3 سے 5 منٹ میں اپنا اثر دکھانا شروع کر دیتی ہے؛ تقریباً 20 منٹ بعد اِس کا اثر پوری قوت سے ظاہر ہوتا ہے۔ سَیلبیُوٹامَول کا اثر لگ بھگ 6 گھنٹے قائم رہتا ہے۔ سَیلبیُوٹامَول جگر میں توڑ پھوڑ کا شکار ہو کر گُردوں کے راستے جسم سے خارج ہو جاتی ہے ۔

جن لوگوں کے قلب کی دھڑکن بے ترتیب یا بہت تیز ہو اُن میں سَیلبیُوٹامَول کا استعمال مناسب نہیں سمجھا جاتا۔

Salbutamol side effects in Urdu Language

سَیلبیُوٹامَول کے استعمال سے مندرجہ ذیل سائیڈافیکٹ سامنے آ سکتے ہیں:

- سر چکرانا

- دل کی دھڑکن تیز ہونا

- دل کی ڈھرکن میں بے ضابطگی

- سر میں درد ہونا

- گھبراہٹ کا احساس ہونا

- دل کی دھڑکن زیادہ محسوس ہونا

- سینے میں بےسکونی محسوس کرنا

- پَٹھوں میں درد ہونا

- منہ کا ذائقہ بدل جانا

- اُلٹی یا متلی کی کیفیت ہونا

- خون میں پوٹاشیم کی سطح کم ہونا

- گلےمیں خراش یا کھانسی ہونا

- پیشاب کرنے میں مُشکل ہونا

- جسم / ہاتھ کانپنا

- سانس کی نالیاں کھُلنے کی بجائے سُکڑ جانا اور سانس کی تنگی کی کیفیت مزید خراب ہو جانا (Paradoxical bronchospasm)

Salbutamol Use during pregnancy (in Urdu)

حمل کے دوران سَیلبیُوٹامَول کا استعمال

سَیلبیُوٹامَول (salbutamol) ٹیبلٹ، ٹیکہ یا سیرپ کا اِستعمال حمل کے دوران مناسب خیال نہیں کیا جاتا(Pregnancy Category C)۔ تاہم اگر استعمال کرنا ضروری ہو تو حمل کے دوران سَیلبیُوٹامَول انھیلر کا استعمال بہتر خیال کیا جاتا ہے کیونکہ یہ دورانِ خون میں شامل ہوئے بغیر براہِ راست پھیپھڑوں میں داخل ہو کر اپنا اثر دکھاتا ہے۔

سَیلبیُوٹامَول ماں کے دودھ میں خارج ہوتا ہے، لیکن اِس کی مقدار کا فی الحال اندازہ نہیں ہے ۔ جو مائیں سَیلبیُوٹامَول انھیلر استعمال کرتی ہیں، اُن کے بچوں میں کوئ نقصان دہ اثرات تاحال نہیں دیکھے گئے۔

سَیلبیُوٹامَول (salbutamol) کا عمر رسیدہ لوگوں میں استعمال

چونکہ بوڑھے لوگوں میں دل، جگر اور گُردوں کے امراض زیادہ عام ہیں، اسلیئے اُن میں سَیلبیُوٹامَول کی خوراک کا تعین احتیاط سے کرنا چاہیئے۔ بہتر یہ ہے کہ کم خوراک سے شروع کیا جائے اور اگر خوراک بڑھانے کی ضرورت ہو، تو آہستہ آہستہ بڑھائ جائے۔

جو لوگ مندرجہ ذیل ادویات استعمال کر رہے ہوں، اُن میں سَیلبیُوٹامَول (salbutamol) کا استعمال بہت احتیاط سے کرنا چاہیئے:

- Tricyclic antidepressants

- Beta-receptor blocking drugs

- Thiazide diuretics

- Loop diuretics

- Monoamine oxidase inhibitors

اگر سَیلبیُوٹامَول (salbutamol) زیادہ مقدار میں لے لی جائے (Overdose) تو مندرجہ ذیل کیفیات سامنے آ سکتی ہیں:

- دل کی دھڑکن بے ترتیب ہونا

- دل کا اچانک بند ہو جانا

- بلند فشارِخون

- سینے میں درد

- دورے پڑنا

- گھبراہٹ کا احساس ہونا

- تھکن کا احساس ہونا

- سر میں درد ہونا

- سر چکرانا

- نیند غائب یا کم آنا

- منہ خشک ہونا


Skype

Clicking Subscribe button will subscribe you to our marketing campaigns as well.