Advertisement

Bromazepam / Lexotanil in Urdu برومَیزیپام کیا ھے اور کیسے کام کرتی ھے؟


Bromazepam brands in Pakistan

پاکستان میں برومَیزیپام کے مندرجہ ذیل برانڈ دستیاب ھیں:

AMAZE, AMZEE, ANXIT, ANXOLITE, ANZONIL, BAZAM, BREXEL, BREXOTANIL, BROLITE, BROMA, BROMALEX, BREMED, BROMOTA, BROMAZEPAM, BROMOTOP, BROXONIL, BROZAM, BROZAP, BROZEM, BROZINIL, BROZIT, CALMEASE, COPE, EXELZA, EXONIL, FREEDOM, LAXIL, LEADOPAM, LEXAPAM, LEXILIUM, LEXOTANIL, LEXZUM, LORIVAL, MAZIMAX, MOODI, NIQUIL, PAZAM, RELAXIN, RELAXITAL, REKOTNIL, ROMAIZ, ROMELEX, SAKOON, SEDONIL, SERENEX, SONARIL, TANIL, TENSIUM, TEONIL, TRANCOLIN, T-QUIL, UNIBRO, UTANIL, XYNONIL.

برومَیزیپام (Bromazepam) کا شمار ادویات کے Benzodiazepine گروپ میں ھوتا ھے۔ طبی استعمال کیلیئے اس دوا کو 1974 میں متعارف کروایا گیا۔ یہ ذھنی بے چینی یا فکر (Anxiety) کی کیفیت کو رفع کرنے والی دوا کے طور پر جانی جاتی ھے۔ ایسی تمام کیفیات جن میں ذھنی فکر سے نجات درکار ھو، اُن میں برومَیزیپام کا استعمال رائج ھے۔ بعض اوقات عملِ جراحی سے پہلے محسوس کی جانی والی ذھنی فِکر سے نجات کیلیئے بھی یہ دوا مریض کو استعمال کروائ جاتی ھے۔

برومَیزیپام دوا کے حصول کیلیئے معالج کا نُسخہ دکھانا لازمی ھے۔ لہٰذا اس دوا کے نسخہ کے بغیر حصول کیلیئے بے جا اصرار نہ کریں۔

برومَیزیپام کے لمبے عرصے کے استعمال سے اس دوا کی عادت پڑ سکتی ھے۔ لہٰذا اس کے غیرضروری استعمال سے پرھیز کریں۔


Bromazepam uses in Urdu

برومَیزیپام کا استعمال

جن کیفیات میں برومَیزیپام کا استعمال کروایا جا سکتا ھے، اُن میں سے چند یہ ھیں:

- بے خوابی (مختصر دورانیہ کا علاج)

- ذھنی بے چینی یا فکر

- الکوحل (شراب) یا opiate چھوڑنے سے ظاھر ھونے والی علامات پر قابو پانے کیلیئے

Bromazepam mechanism of action in Urdu

برومَیزیپام کیسے کام کرتی ھے

اعصابی خلیوں کے مابین رابطے کیلیئے جو کیمیکل کام کرتے ھیں اُنہیں Neurotransmitters کہا جاتا ھے۔ انہی میں سے ایک کا نام GABA ھے۔ GABA اپنے GABA Receptors پر اثرانداز ھو کر اعصابی خلیوں میں تحریک پیدا ھونے کے رُجحان کو کم کرتا ھے ، اس لیئے اسے inhibitory neurotransmitter گردانا جاتا ھے۔ اس کے اس عمل کی وجہ سے اعصابی خلیئوں میں تحریک پیدا ھونا مشکل ھو جاتا ھے چنانچہ وہ حالتِ سکون میں رھتے ھیں۔ برومَیزیپام دوا بھی GABA Receptors پر اثر انداز ھوتی ھے اور دماغ کے خلیوں میں تحریک پیدا ھونے کو روکتی یا کم کرتی ھے۔ چنانچہ آھستہ آھستہ ذھنی بے چینی میں کمی آنے لگتی ھے۔

برومَیزیپام کی کم خوراک بے چینی میں کمی لاتی ھے جبکہ زیادہ خوراک نیند لانے کا سبب بنتی ھے۔ برومَیزیپام پٹھوں کے تناؤ میں کمی کا سبب بھی بنتی ھے۔ برومَیزیپام ڈیپریشن (Depression) یا ذھنی افسردگی کی کیفیت میں کارآمد نہیں ھے۔

برومَیزیپام (Bromazepam) منہ کے ذریعے جسم میں داخل ھونے کے بعد بہت تیزی سے جذب ھوتی ھے اور تقریباً ایک سے چار گھنٹے بعد خون میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچتی ھے۔ کھائ گئی دوا کا تقریباً 84 فیصد حصہ اپنا اثر دکھانے کیلیئے دستیاب ھوتا ھے۔ برومَیزیپام جگر میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ھوتی ھے اور دوا کا تقریباً 70 فیصد حصہ گُردوں کے ذریعے پیشاب کے راستے خارج ھوتا ھے۔ کھائ گئی برومَیزیپام کی خوراک کی نصف مقدار تقریباً 10 سے 20 گھنٹوں میں جسم سے خارج ھو چکی ھوتی ھے۔

چونکہ برومَیزیپام بہت تیزی سے جذب ھوتی ھے اور بہت جلدی اپنا اثر دکھاتی ھے، اس لیئے اسے نشے کیلیئے استعمال کرنے کا رجحان زیادہ پایا جاتا ھے۔

اگر آپ کو پہلے سے ڈیپریشن کا مرض لاحق ھو تو برومَیزیپام کا استعمال شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج کو ضرور آگاہ کریں۔ برومَیزیپام کے استعمال سے ڈیپریشن کی علامات میں مزید خرابی ظاھر ھو سکتی ھے۔ بعض لوگوں میں خودکشی کا رجحان بھی دیکھا گیا ھے۔

جن لوگوں کو گُردوں یا جگر کا مرض لاحق ھو، انہیں برومَیزیپام کا استعمال شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج کو ضرور آگاہ کرنا چاھیئے۔

Bromazepam side effects in Urdu

برومَیزیپام کے استعمال سے مندرجہ ذیل سائیڈ افیکٹ سامنے آ سکتے ھیں :

- غنودگی طاری ھونا

- حرکات میں ربط کا فقدان ھونا

- چال میں فرق آنا

- یاداشت متاثر ھونا

- سر چکرانا

- سیکھنے کی صلاحیت متاثر ھونا

- ردِعمل دکھانے میں سُستی ھونا

- جنسی خواھش میں کمی ھونا

- پٹھوں میں تناؤ کی کمی کی وجہ سے گر جانا

- خون میں سفید ذرات کی کمی ھونا (Leukopenia)

برومَیزیپام Bromazepam کے طویل عرصے کے استعمال سے تقریباً 30 فیصد مریضوں کو اِس کی عادت پڑ جاتی ھے۔ ایسے مریضوں میں اس کا استعمال بند کرنا مشکل ھو جاتا ھے. لہٰذا اس دوا کو اپنے معالج کے مشورہ سے آھستہ آھستہ خوراک کم کر کے بند کرنا بہتر ھے۔


Bromazepam withdrawal symptoms in Urdu

برومَیزیپام کا استعمال اچانک بند کرنے سے مندرجہ ذیل علامات سامنے آ سکتی ھیں

- دورہ پڑنا

- سخت بے چینی ھونا

- گھبراہٹ کا احساس ھونا

- نیند آنے میں مشکل ھونا

- شدید غصہ آنا

- جسم کانپنا

- سر درد ھونا

- پٹھوں میں درد

- پیٹ میں مروڑ پڑنا

- قے ھونا

- یاداشت متاثر ھونا

- کنفیوز ھونا

چونکہ برومَیزیپام کے استعمال سے توجہ مرکوز کرنے میں مشکل ھو سکتی ھے، اس لیئے اس دوا کو کھانے کے بعد کوئ بھی ایسا کام کرنا جس میں مسلسل توجہ درکار ھو، خطرناک ثابت ھو سکتا ھے۔ لہٰذا گاڑی یا کوئ بھی مشین چلانے میں بہت احتیاط ضروری ھے۔

برومَیزیپام کے ساتھ الکوحل (شراب) کے استعمال سے مضر اثرات میں کئی گنا اضافہ ھو سکتا ھے۔

برومَیزیپام کا حمل کے دوران استعمال مناسب خیال نہیں کیا جاتا۔ جو خواتین برومَیزیپام کے استعمال کے دوران حاملہ ھو جائیں، انہیں فوراً اپنے معالج سے رابطہ کر کے اس دوا کو بند کرنے کے متعلق مشورہ کرنا چاھیئے۔

برومَیزیپام ماں کے دودھ میں خارج ھوتی ھے لہٰذا یہ بچے کی صحت کو متاثر کر سکتی ھے۔ بچے کو دودھ پلانے والی خواتین اس دوا کے استعمال میں نہایت احتیاط سے کام لیں۔ اس سلسلے میں اپنے معالج سے مشورہ ضرور کریں۔

18 سال سے کم عمر کے بچوں میں اس دوا کے استعمال کا مشورہ نہیں دیا جا سکتا۔ اسی طرح بڑی عمر کے افراد میں بھی برومَیزیپام کا استعمال خطرہ سے خالی نہیں ھوتا۔



Skype

Clicking Subscribe button will subscribe you to our marketing campaigns as well.